اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ”فوری پے منٹ سروسز” کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دے دی۔ فوری پے منٹ سروسز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنی صارفین کو کیو آر کوڈ ‘ موبائل نمبر ‘ سی این آئی سی نمبر ‘ ای میل ایڈریس’ ٹویٹر ہینڈل ‘ فیس بک یا فوری ایڈریس کے ذریعے موبائل پے منٹس کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ فوری پے منٹ سروسز کے بانی اور چیف ایگزیکٹوآفیسر سلیم روپانی نے کہا ہے کہ فوری ادائیگیوں میں آسانی فراہم کرنے کے مشن پر ہے تاکہ ملک کی معاشی واقتصادی ترقی میں اپنے حصہ کا کردار ادا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فنانشل سروسز تک باسہولت ‘ آسان اور کم خرچ رسائی کو یقینی بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری پے منٹ سروسز پاکستان میں ڈیجیٹل سوسائٹی کی ریڑھ کی ہڈی بننے کا عزم رکھتی ہے۔