لاہور۔21فروری (اے پی پی):پنجاب حکومت کے آئی سی ٹی پر مبنی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے وفد نے پنجاب آئی ٹی بورڈ کا دورہ کیا۔وفد میں اسسٹنٹ چیف منیجر سٹیٹ بینک بی علی عطا، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ انور اور 53ویں انٹرنیشل سینٹرل بینکنگ کورس کیلئے9 ممالک کے شرکاء شامل تھے۔ دورے کا مقصد پی آئی ٹی بی کے ای گورننس، آٹومیشن، شہریوں کیلئے سہولیات، کاروباری معاونت اور نوجوانوں کیلئے مواقع فراہم کرنے والے نمایاں منصوبوں بارے آگاہی حاصل کرنا تھا۔ پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف نے وفد کو ادارے کے ان انقلابی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی
جنہوں نے پنجاب کو ڈیجیٹل پنجاب میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفد نے صوبے میں جدت لانے کی پی آئی ٹی بی کی کاوشوں کو سراہا اور مالیاتی و ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے کیلئے مستقبل میں ممکنہ اشتراک پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ صوبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے کی گئی ہماری کاوشیں نہ صرف عوامی خدمات کی فراہمی میں جدت لا رہی ہیں بلکہ مالیاتی شمولیت اور معاشی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے پنجاب کو ڈیجیٹل طور پر مزید بااختیار بنانے کیلئے سٹیٹ بینک کے ساتھ مزید تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔