لاہور۔9اپریل (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے کاکارروائی کے دوران مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر 360 گاڑی مالکان کو بھاری جرمانے عائد کئے ۔ اس ضمن میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ بسوں میں گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے پر 192 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو مجوزہ کرایہ سے زیادہ کرایہ ہرگز نہیں لینے دیا جائے گا،ڈرائیورز اور مالکان سے گاڑیوں پر مجوزہ کرایہ نامہ بھی نصب کروایا جارہا ہے۔عمارہ اطہر نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو انسانی جانوں سے ہرگز کھیلنے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لاری اڈا، بابوصابو، نیازی چوک، ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹیمیں کارروائی کررہی ہیں،شاہدرہ چوک، بیگم کوٹ چوک سمیت 10 مقامات پر اوورچارجنگ اور اوور لوڈنگ کے خلاف ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔شہری شکایت کے لئے پولیس ہیلپ لائن 15 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔