لاہور۔5اپریل (اے پی پی):لاہور سٹی ٹریفک پولیس کا گداگروں اور بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔سی ٹی او لاہور نے ڈویژنل اور سرکل افسران کو گداگروں کیخلاف جاری آپریشن میں اپنی نگرانی میں کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں پیشہ ور گداگروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں کریک ڈائون کیلئے 4 سکواڈز تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔جمعہ کو جاری بیان میں سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ رمضان المبارک میں 202 پیشہ وار گداگروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔ 3 ہزار سے زائد بچوں اور بزرگوں کو وارننگ دیتے ہوئے چھوڑ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کو فوری ہٹایا جارہا ہے،جعلی معذوری کا روپ دھار کر بھیک مانگنے والوں کےخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔سی ٹی او لاہور نے گداگری جیسے معاشرتی ناسور کے خاتمے کیلئے ٹریفک پولیس کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں،آپ کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کیلئے نہیں،
گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا اندیشہ بھی رہتا ہے،ٹریفک سگنلز کو گداگری جیسی لعنت سے پاک کیا جائے گا،حوصلہ شکنی سے نہ صرف معاشرے میں بہتری آئے گی بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی۔عمارہ اطہر نے کہا کہ غریب ہونا جرم نہیں مگرا پنے آپ کو دوسرں کیلئے محتاج بنانا اخلاقا جرم ہے،بھیس بدل کر بھیک مانگنے والوں کےخلاف مقدمات درج کروائے جائیں، عادی گداگر ہمدردی کیلئے جعلی معذروی کا سہارا لیتے ہیں۔