اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی)چیئرمین سپارکو میجر جنرل عامر ندیم نے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کیلئے تحقیق اور انوویشن میں پیشرفت انتہائی ناگزیر ہے۔سپارکو 2022میں اپنا پہلا خلا باز خلا میں روانہ کریگا۔جمعہ کو ورلڈ سپیس ویک کے موقع پر کیمپس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگری کا حصول نہیں بلکہ اس کا بنیادی مقصد نئی نسل کو تخلیقی سوچ و فکر اور صلاحیتوں کا حصول ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے تخلیقی صلاحیتوں اور جدیدیت سے پروان چڑھتے ہیں اور ملک کو سائنس و ٹیکنالوجی اور اقتصادی و سماجی ترقی کے راستے پر گامزن کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2022 میں اپنا پہلا خلاباز خلا میں روانہ کریگا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سپیس سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے اپنے کیرئر پر بھر پور توجہ دیں۔انہوں نے طلباءاور نوجوانوں کے مابین خلائی ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی پھیلانے میں انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے کردار کو سراہا۔آئی ایس ٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ولایت حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔