فیصل آباد۔ 24 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق نجی شعبہ بھی کھیلوں اور ثقافت کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب کے سنگ ہے،اس ضمن میں سپریئر یونیورسٹی فیصل آباد میں کلچرل و سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی اموررانا ثناءاللہ خان،صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر،کمشنر فیصل آباد مریم خان نے خصوصی شرکت کی۔
ایم پی اے عظمیٰ راجہ،کمشنر پیسی محمد علی سمیت سول سوسائٹی اور سپریئر یونیورسٹی انتظامیہ بھی موجود تھی۔وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان ،صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر،کمشنر فیصل آباد مریم خان نے فیسٹیول کے انعقاد کو سراہا۔
رانا ثناء اللہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی میلے ہماری زندگی کے رنگ ہیں، بدقسمتی سے گزشتہ چار پانچ سالوں کے دوران عوام میں نفرت پھیلائی گئی،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے دوبارہ میلوں کا انعقاد خوش آئندہ ہے ،طلبہ کے روشن چہرے دیکھ کر آج بے حد خوشی ہوئی۔صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ثقافت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
تعلیمی اداروں میں کلچرل فیسٹیولز کا انعقاد یکجہتی کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم سب کی پہچان پاکستان ہے ،نوجوانوں کیساتھ مل کر اسے آگے لے جائیں گے۔کمشنر فیصل آبادمریم خان نے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کھیلوں کی بھرپور سرپرستی کررہی ہے ،سرکاری کیساتھ نجی تعلیمی اداروں میں ثقافتی و سپورٹس ایونٹس لائق تحسین ہیں ،یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔