اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس سی بی اے پی) کے صدر ہارون الرشید، سیکریٹری ملک زاہد اسلم اعوان اور 28ویں کابینہ نے لاہور ہائیکورٹ کے معزز چیف جسٹس کی جانب سے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ 2025 کے نفاذ کو معطل کرنے کے عبوری حکم کا خیرمقدم کیا ہے۔ جاری کردہ بیان میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران …
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ 2025 کے نفاذ کو معطل کرنے کے عبوری حکم کا خیرمقدم

مزید خبریں
اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس سی بی اے پی) کے صدر ہارون الرشید، سیکریٹری ملک زاہد اسلم اعوان اور 28ویں کابینہ نے لاہور ہائیکورٹ کے معزز چیف جسٹس کی جانب سے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ 2025 کے نفاذ کو معطل کرنے کے عبوری حکم کا خیرمقدم کیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ قانون نہ صرف آئین کے منافی اور غیر قانونی ہے بلکہ سول پروسیجر کوڈ (سی پی سی)، کریمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی)، قانون شہادت اور دیگر متعلقہ قوانین سے بھی متصادم ہے، جس کے نتیجے میں یہ قوانین غیر مؤثر ہو کر رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بروقت اس امر کو تسلیم کیا کہ اس قانون کے نفاذ سے جائیداد سے متعلق طے شدہ اور مسلمہ قانونی اصولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اس ایکٹ کے ذریعے ایک متوازی نظامِ انصاف قائم کیا گیا، جس کے تحت جائیداد کے تنازعات عدالتی فورمز کے بجائے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ریونیو افسران اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی گئی، جو کسی صورت بھی قانونی نہیں ہے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ عدلیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی اقدامات کا سدباب کرے تاکہ انصاف، شفافیت اور مساوات کو یقینی بنایا جا سکے، جیسا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم میں واضح طور پر نظر آتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کی مکمل توثیق اور حمایت کرتی ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔







