سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائلز کے خلاف کیس کی سماعت 11 جولائی تک کیلئے ملتوی

112

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائلز کے خلاف کیس کی سماعت 11 جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 7 رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

فریقین نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے فیملی کی ملاقات نہیں ہو رہی۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے فیملی ملاقاتوں کا معاملہ حل ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپیل منظور ہوتی ہے تو ملزمان فیصلوں کے خلاف اپیل کر سکیں گے۔ ملزمان ملٹری کورٹس کے علاوہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک آ سکیں گے۔

فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کی درخواست واپس لے لی جبکہ عدالت نے وکیل حامد خان کی فریق بننے کی درخواست پانچ دو کی اکثریت سے منظور کر لی۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت 11 جولائی 2024 تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے سماعت کے اپنے حکمنامہ میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ بار کی فریق بننے کی استدعا منظور کی جاتی ہے۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو ملزمان سے فیملی ممبران کی ملاقاتیں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔