سپریم کورٹ آف پاکستان میں سائلین کی سہولت کیلئے قائم پبلک فیسلی ٹیشن سینٹر مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جہاں اس وقت 23 مختلف خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اگست 2026ء تک ان خدمات کی تعداد بڑھا کر 35 کر دی جائے گی۔
سپریم کورٹ کا پبلک فیسلی ٹیشن سینٹر سائلین کی سہولت کیلئے فعال، اگست تک خدمات کی تعداد 35 ہو جائے گی ، لیزان آفیسر کی میڈیا بریفنگ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان میں سائلین کی سہولت کیلئے قائم پبلک فیسلی ٹیشن سینٹر مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جہاں اس وقت 23 مختلف خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اگست 2026ء تک ان خدمات کی تعداد بڑھا کر 35 کر دی جائے گی۔
سپریم کورٹ کی پبلک فیسلی ٹیشن اینڈ لیزان آفیسر شمائلہ ناز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پبلک فیسلی ٹیشن سینٹر کی سہولیات سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2025ء سے اب تک 58 ہزار سائلین کو عوامی سہولت مرکز کے ذریعے مختلف سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔شمائلہ ناز نے بتایا کہ سائلین کی مزید آسانی کیلئے کال سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ عوامی سہولت مرکز سے مقدمات کی تفصیلات، مقدمات کے اندراج، عدالتی احکامات کی نقول اور دیگر ضروری خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں جبکہ گھر بیٹھے بھی ان سہولیات سے استفادہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت مرکز میں قانونی معاونت کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ ڈیجیٹل سہولیات میں آٹو فکسیشن فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق آٹو فکسیشن پالیسی کے نفاذ سے مقدمات کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کے عمل میں انسانی مداخلت ختم ہو جائے گی۔شمائلہ ناز نے بتایا کہ ماضی میں سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کرنے کی فیس سٹیٹ بینک میں جمع کرانا پڑتی تھی تاہم اب عوامی سہولت مرکز میں ہی چالان تیار اور جمع کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیس کا چالان کسی بھی آن لائن بینک یا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی جمع کرایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ سہیل لغاری نے بتایا کہ عوامی سہولت مرکز، پارکنگ اور دیگر متعلقہ سہولیات پر 20 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیس فکسیشن پالیسی کے حوالے سے علیحدہ بریفنگ دی جائے گی۔
سیکرٹری ٹو چیف جسٹس مشتاق احمد نے کہا کہ آئندہ عوامی سہولت مرکز میں سائلین کی رہنمائی کیلئے کال سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں دو وکلا بھی موجود ہوں گے جو سائلین کو درست قانونی مشورہ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سائلین جو وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، انہیں مفت قانونی معاونت اور وکیل کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔بریفنگ کے موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ سہیل لغاری، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس مشتاق احمد اور سپریم کورٹ کے ترجمان ڈاکٹر شاہد کمبوہ بھی موجود تھے۔







