سپریم کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں 30 نومبر جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں 30 نومبر تک جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچزکی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کر دی۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے دو اجلاس منعقد ہوئے ۔پہلا اجلاس سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کے …

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں 30 نومبر تک جبکہ سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچزکی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کر دی۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے دو اجلاس منعقد ہوئے ۔پہلا اجلاس سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کے ایجنڈا آئٹمز میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچوں کی مدت میں توسیع اور آئین کے آرٹیکل 175A(20) کے تحت ہائی کورٹس کے ججز کی سالانہ کارکردگی کے موثر جائزے کے لیے قواعد بنانے سے متعلق پالیسی فیصلہ شامل تھے۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے

اکثریتی رائے سے سپریم کورٹ کے آئینی بنچوں کی مدت 30 نومبر 2025ء تک بڑھانے کی متفقہ منظوری دی جبکہ چیئرپرسن نے ایک وسیع البنیاد کمیٹی تشکیل دی جس میں عدلیہ، پارلیمان، انتظامیہ اور قانونی برادری کے ارکان شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی ہائی کورٹ کے ججز کی سالانہ کارکردگی کے جائزے کے لیے قواعد کا مسودہ تیار کرے گی۔ اعلامیہ کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا دوسرا اجلاس سندھ ہائی کورٹ میں منعقد ہوا۔ایجنڈا میں سندھ ہائی کورٹ کی آئینی بنچوں کی مدت وغیرہ پر غور شامل تھا ۔کمیشن نے اکثریتی رائے سے سندھ ہائی کورٹ کی آئینی بنچوں کی مدت 23 جولائی 2025ء سے چھ ماہ کے لیے بڑھانے کی منظوری دی ۔جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کیلئے نامزد ججز کے ناموں میں بھی ردو بدل کیا اور دونئی نامزدگیاں کی گئیں ۔

آئینی بنچ کے لیے نئے نامزد کیے جانے والے ججز میں جسٹس عدنان اقبال چوہدری اور جسٹس جعفر رضا شامل ہیں جبکہ آئینی بنچ کے تبدیل کیے جانے والے ججز میں جسٹس آغا فیصل اور جسٹس ثناء اکرم منہاس شامل ہیں ۔