سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کی ممبرشپ کے لیے مزید 37 امیدوار منتخب، مجموعی ممبران کی تعداد 376 ہوگئی

سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کی ممبرشپ کے لیے مزید 37 امیدواروں کو منتخب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد سپورٹس کمپلیکس کے مجموعی ممبران کی تعداد 376 ہوگئی ہے

فیصل آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کی ممبرشپ کے لیے مزید 37 امیدواروں کو منتخب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد سپورٹس کمپلیکس کے مجموعی ممبران کی تعداد 376 ہوگئی ہے۔ ممبرشپ میں مسلسل اضافے سے واضح ہوتا ہے کہ شہری کھیلوں، جسمانی صحت اور مثبت و صحت مند سرگرمیوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، جو ایک صحت مند اور فعال معاشرے کی تشکیل کے لیے خوش آئند امر ہے۔ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی/کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کمپلیکس کے کمیٹی روم میں نئے ممبرشپ امیدواروں کے انٹرویو سیشن کی صدارت کی۔ اس موقع پر امیدواروں کے کوائف، اہلیت اور ممبرشپ سے متعلق دیگر ضروری امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد 37 امیدواروں کو سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے لیے کلیئر کردیا گیا۔ ڈائریکٹر آئی ٹی ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر ممبرشپ کے امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں شہریوں کو ان ڈور کھیلوں کے لیے جدید اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جہاں کھیلوں کے شائقین کو ایک محفوظ، منظم اور سازگار ماحول میں اپنی پسند کے کھیلوں سے وابستہ ہونے کے مواقع میسر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت اور تندرستی کے لیے ضروری ہیں بلکہ ذہنی نشوونما، نظم و ضبط، خود اعتمادی، ٹیم ورک، باہمی تعاون اور مثبت سوچ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی سہولیات کو مزید بہتر اور وسعت دینے کے لیے ماسٹر پلاننگ کی گئی ہے جبکہ موجودہ سہولیات میں بہتری، ممبران کے لیے مزید محفوظ و آرام دہ ماحول کی فراہمی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم انداز میں فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے نئے منتخب ہونے والے ممبران پر زور دیا کہ وہ سپورٹس کمپلیکس میں نافذ قواعد و ضوابط، قائمہ ہدایات اور نظم و ضبط کی مکمل پابندی کریں اور دستیاب سہولیات کا ذمہ داری اور مثبت انداز میں استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سپورٹس کلب اور کمپلیکس ایک خاندان کی مانند ہوتے ہیں، اس لیے تمام ممبران کو ایک دوسرے کے احترام، باہمی تعاون، شائستگی اور ادارے کے وقار کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کی صورت میں قصوروار ممبر کی ممبر شپ منسوخ اور اسے بلیک لسٹ کردیا جائے گا اور وہ کسی دوسرے کلب کی ممبر شپ کے لئے بھی اہل نہیں ہوگا۔

محمد آصف چوہدری نے نئے منتخب ہونے والے ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ سپورٹس کمپلیکس کی سہولیات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنائیں گے بلکہ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔