سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے جرمنی اور ناروے کے سفیروں کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پیر کو جرمنی اور ناروے کے سفیروں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے جرمنی کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری اور قومی اسمبلی اور جرمن پارلیمنٹ کے درمیان تعاون موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حالیہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا ہے اور 33 ملین سے زائد پاکستانی بے گھر ہو گئے ہیں۔موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے پاکستان کی قومی اسمبلی نے روانڈا میں ہونے والی بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کانفرنس میں ایک ہنگامی قرارداد پیش کی ہے جس میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی بحران سے ہونے والے ناقابل تلافی نقصانات کے ازالے کے لئے ایمرجنسی ایجنڈا آئٹم پیش کیا جائے گا۔

پاکستان میں جرمنی کے سفیر مسٹر برن ہارڈ شیلاگیک نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی پی یو کے ذریعے عالمی فنڈ کے لئے قومی اسمبلی کے مطالبے کی حمایت کا یقین دلایا۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان میں ناروے کے سفیر مسٹر پر البرٹ الاساس نے بھی ملاقات کی۔ دوطرفہ تعاون، اقتصادی تعلقات اور ملک میں حالیہ سیلاب کی صورتحال سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان ناروے کو اپنا وفادار دوست اور اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے اور اپنے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کے تجربات میں اضافے کے لئے پارلیمانی سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کی پارلیمانوں اور اراکین پارلیمنٹ کے درمیان تعاون اور رابطوں کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے دکھوں کا مداوا کرنے کے لئے روانڈا میں ہونے والی 145ویں آئی پی یو کانفرنس کے ایجنڈے میں ایک ہنگامی ایجنڈا آئٹم کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس کا مقصد پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنا ہے۔

سپیکر نے کانفرنس کے ہنگامی ایجنڈے میں سیلاب کے بحران کو شامل کرنے کے لئے پاکستان کے مطالبے پر ناروے سے تعاون طلب کیا۔ ناروے کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے بے پناہ نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی کی کوششوں کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کی بدولت ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لئے آئی پی یو کے ذریعے عالمی فنڈ کے قیام کے لئے قومی اسمبلی آف پاکستان کی جانب سے پیش کردہ ایمرجنسی ایجنڈا آئٹم کی اپنے ملک کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔