سپیکرقومی اسمبلی کا لعل شہباز قلندر کے میلے پر جانے والے زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس

83

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیرپور کے علاقے رانی میں لعل شہباز قلندر کے میلے پر جانے والے زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے حادثے کے نتیجے میں 10 زائرین کے جانبحق ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نےغمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ حادثے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔انہوں نے زخمی ہونے والے زائرین کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔