اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):سپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے پارلیمنٹ لاجز سے متعلق مسائل کوجلدحل کرنے کی ہدایت کی ہے۔بدھ کوقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عالیہ کامران کے سوال پر پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر درشن نے ایوان کو بتایا کہ ایم این اے ہاسٹل میں پرانا سامان رکھا جاتاہے، بعد میں ٹینڈرکے ذریعے نیلامی کی جاتی ہے، آخری نیلامی میں 50لاکھ روپے ملے تھے جوسی ڈی اے کے اکائونٹ میں جمع کئے گئے ہیں۔ملک ابرار کے سوال پرانہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ لاجز کیلئے زیادہ بجٹ نہیں ہے، ڈپٹی سپیکرنے اس حوالہ سے اقدامات کئے ہیں، اگرکمیٹی دورہ کرے توہم اس کاخیرمقدم کریں گے۔رانا مبشرنے کہا کہ اولڈ ایم این اے ہاسٹل کی صورتحال مخدوش ہے۔
سپیکرنے کہا کہ ارکان سی ڈی اے کی کارگردگی سے خوش نہیں ہے۔وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہاکہ وزیرداخلہ پرمشتمل کمیٹی بنائی جائے جومعاملہ کی باقاعدہ سے نگرانی کریں۔سپیکرنے کہاکہ ہائوس اینڈلائبریری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہواتھاکہ ہفتہ واربنیادوں پررپورٹ پیش کی جائے گی۔ وزیرقانون نے کہاکہ ارکان پارلیمان سب سے زیادہ صبروتحمل کامظاہرہ کرتے ہیں۔ایم این ایز اورسینیٹرز کی تنخواہ ایک لاکھ 64ہزار ہے جس میں 12سال سے کوئی اضافہ نہیں ہے، بجلی کے یونٹس بھی انہیں نہیں مل رہے۔وزیرخزانہ، وزیرداخلہ اوروزیرمنصوبہ بندی کوبھی بلایاجائے تاکہ لاجزکاتعمیراتی جلد مکمل ہوں۔ سپیکرنے وزیرقانون کوکہاکہ آپ ایک میٹنگ بلائیں جس میں کمیٹی کے ارکان بھی شامل ہوں تاکہ یہ معاملہ جلدحل ہوں۔