سپیکروڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

150
Speaker Deputy Speaker
Speaker Deputy Speaker

اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے شہباز شریف کو بھاری اکثریت سے پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کا دوسری بار وزیراعظم پاکستان کا انتخاب اتحادی جماعتوں کے قائدین اور اراکین قومی اسمبلی کی ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ونگ سے جاری بیان میں سپیکر نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف ایک زیرک، کہنہ مشق، صاحب بصیرت اور مدبر سیاسی رہنما ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی،میاں محمد شہباز شریف عوام کی فلاح و بہبود اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے،گزشتہ 16 ماہ کی اتحادی جماعتوں کے دور حکومت میں میاں محمد شہباز شریف نے ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے خلوص نیت اور جانفشانی سے دن رات کام کیا ہے۔

سپیکر نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف اسی جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے مشن کو جاری رکھیں گے، سپیکر قومی اسمبلی نے میاں محمد شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ سپیکر کی اللہ تعالیٰ سے میاں محمد شہباز شریف کی بطور وزیراعظم کامیابی اور کامرانی کیلئے دعا کی۔

دریں اثنا ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے میاں محمد شہباز شریف کو دوسری وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف کا وزیر اعظم منتخب ہونا ان پر اتحادی جماعتوں کے سربراہان اور ممبران قومی اسمبلی کے بھرپور اعتماد کی عکاسی ہے،میاں محمد شہباز شریف ایک مخلص، مدبر اور تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں،میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف نے اپنے سیاسی کیریئر کے دوران ہمیشہ ملک و قوم کی خلوصِ نیت سے بے لوث خدمت کی ہے،ڈپٹی اسپیکر کی نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔