اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرام درانی نےلسبیلہ کے نزدیک پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد سمیت 6 فوجی افسران کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہیلی کاپٹر میں سوار پاک آرمی کے افسروں اور جوانوں کے نقصان پر افسردہ ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم ان شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک اور قوم کی خدمت کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ہماری مسلح افواج نے ملک اور قوم کے دفاع اور عوام کی خدمات کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔
قوم اپنے فوجی افسران کی شہادت کو سلام پیش کرتے ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قوم کے بہادر سپوتوں کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لئے صبر جمیل عطا فرمائے۔