سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کی کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد

63

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کرسمس کے پر مسرت موقع پر پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کو کرسمس کی مبارکباد دی ہے جو ہر سال حضرت عیسیٰ ؑ کے یوم پیدائش کے موقع پر دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر سپیکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی نے حضرت عیسیٰ ؑ کو محبت،امن،برداشت اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لئے مبعوث فرمایا۔انہوں نے کہا کہ مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ کا برگزیدہ پیغمبر مانتے ہیں اور دل سے ان کی تعظیم و احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کا دن ہمیں نئی امیدوں اور منصوبوں کی شروعات،تحقیقی صلاحیتوں کو اجا گر کرنے، تنازعات کے حل اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لئے امن اور تعاون کو فروغ دینے کا درس دیتاہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو کویڈ 19وباکا سامنا ہے جس کا مقابلہ کرنے کیلئے باہمی اتحاد و یکجہتی اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ سپیکر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں مناتےہوئے احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھنے کا کہا۔ انہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا۔ سپیکر نے اس پر مسرت موقع پر پارلیمنٹ اور حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کو آئین پاکستان اور قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق حاصل حقوق اور استحقاق کا مکمل طور پر تحفظ کیا جائے گا۔ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اس پرمسرت موقع پر مسیحی ا راکین پارلیمنٹ اور پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو مبارکبادی۔انہو ں نے کہاکہ حضرت عیٰسی علیہ السلام کا انسانیت سے محبت کا ابدی پیغام آج بھی دنیا میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں ہم آہنگی کے فروغ اور امن کے قیام کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور کورونا وباء کے پھیلاو کو روکنے کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کورونا وباء کی موجودگی میں کرسمس کو سادگی سے منانے اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے مسیحی برادری کی حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی تعمیر و تر قی کے لئے مسیحی برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں۔