سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ایم این اے شاندانہ گلزار کو دولت مشترکہ خواتین پارلیمنٹیرینز کی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

358

اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی رکن شاندانہ گلزار نے ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شاندانہ گلزار کو دولت مشترکہ خواتین پارلیمنٹیرینز کی صدر منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی خواتین دنیا میں کسی سے بھی کم نہیں ہیں، خواتین ارکان پارلیمنٹ پاکستانی خواتین کو معاشی اور معاشرتی طور پر بااختیار بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاندانہ گلزار کا بطور صدر انتخاب ہمارے لئے فخر کا باعث ہے اور اس سے عالمی برادری میں پاکستان کی عزت و وقار میں مزید اضافہ ہو گا۔ شاندانہ گلزار نے اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپیکر کی طرف سے اس عہدہ کیلئے نامزدگی پر شکرگزار ہیں، انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستانی خواتین کو معاشی اور معاشرتی طور پر بااختیار بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔