اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پیر کو پیکو کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے افغان ولوسی جرگہ کے اسپیکر میر رحمان رحمانی کی افغان پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تجارت اور خطے کی معاشی صورتحال سمیت پی اے ای سی او کانفرنس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین مستحکم تعلقات علاقائی امن و استحکام کے لئے ناگزیر ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں میں اضافہ سے دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوں گے،
پاکستان ایک پرامن اور مستحکم افغانستان دیکھنے کا خواہشمند ہے۔ افغانستان کے پارلیمانی وفد کا حالیہ دورے دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا اور دوطرفہ تعاون میں اضافے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔پی اے ای سی او کانفرنس کے انعقاد سے ای سی او ممالک میں تجارتی اور معاشی تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔ پیکو کانفرنس کا انعقاد خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اضافے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ افغان سپیکر نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے،
خطے میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے ، دونوں ممالک اپنی جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لاکر معاشی استحکام حاصل کرسکتے ہیں۔ پی اے ای سی او کانفرنس کا انعقاد ای سی او ممالک کے مابین تعلقات میں اضافے اور خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اچھا شگون ثابت ہو گا۔