سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن کی ملاقات

78

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے جمعرات کو سپیکر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلینجوں پر قابو پانے کیلئے ہمیں صبر و تحمل سے کام لینے اور آپس کے اختلافات کو بھلا کر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں موجود تمام اراکین ان کی نظر میں برابر اور یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کے ماحول کو پرامن رکھنا اور عوامی نوعیت کی قانون سازی کے عمل میں تیزی لانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندیم افضل چن کا تعلق ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے اور وہ خود بھی ایک سرگرم اور منجھے ہوئے سیاسی رہنما ہیں، بطورِ ترجمان وزیراعظم ان کی تقرری ایک اچھا فیصلہ ہے۔ ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن نے سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوان میں ان کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک سے دہشت گردی، غربت، ناخواندگی اور کرپشن کے خاتمہ اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک کو درپیش چلینجوں پر قابو پانے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو گی۔