سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر کی ملاقات، دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

105

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):پاکستان اور ترکی کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور اور ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے مابین پروٹوکول دستخط بھی کئے گئے ہیں ۔ پیر کواسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پیکو کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے ہوئے ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر مصطفیٰ سنٹوپ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، پیکو کانفرنس کے کرادر کو فعال بنانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سپیکر نے کہا کہ ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک میں پائے جانے والے دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم بنانے میں اہم پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ دونوں ممالک ثقافت، تاریخ اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔پیکو کانفرنس ممبر ممالک میں باہمی تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ ترک سپیکر مصطفیٰ سنتوپ نے کہا کہ ترکی کے پارلیمانی وفد کے پرتپاک استقبال پر پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ کا مشکور ہوں۔

پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔خطے کے ممالک میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر، فلسطین اور سائپرس کے ایشوز پر ترکی کا موقف واضح ہے۔ان مسائل کے منصفانہ حل کے لیے سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان کی قومی اسمبلی اور ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے مابین بین الپارلیمانی تعاون کے فروغ کے لیے پروٹوکول پر دستخط بھی کئے گئے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی اور ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے مابین دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی معاملات پر معلومات کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پروٹوکول کے تحت دونوں ممالک کی پارلیمانوں کی قائمہ کمیٹیوں میں رابطوں کو فروغ دیا جائے گا اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کو مزید فعال بنانے کے لئے اقدامات اٹھانا بھی پروٹوکول میں شامل ہے۔