سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا ضلع صوابی میں زیر تعمیر بڈا ڈیم خیبر پختونخوا کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس میں اظہار خیال

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں پانی کی قلت اور توانائی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے،زیرزمین پانی کی سطح کو بڑھانے کے لئے چھوٹے پانی کے ذخیروں کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، ملکی آبادی کا سب سے بڑا طبقہ زراعت کے شعبے سے منسلک ہے اور چھوٹے ڈیموں سے زراعت کے مقاصد کے لئے بھی پانی کی دستیابی میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں ضلع صوابی میں زیر تعمیر بڈا ڈیم خیبر پختونخواہ کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔سپیکر اسد قیصر نے ملکی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی وسائل کو ملک اور عوام کے بہترین مفاد میں استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقامی علاقوں کے مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے لئے خیبر پختونخواہ حکومت کی مکمل حمایت کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ خیبر پختونخواہ محکمہ آبپاشی کے اعلی افسران نے اسپیکر کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیم کی تعمیر رواں سال جون تک مکمل ہو جائے گی۔ سپیکر نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایات کی کہ ڈیم کی تعمیر کو عوامی مفادات کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت مکمل کیا جائے۔