اسلام آباد۔ 14 فروری(اے پی پی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو تاریخ ثقافت اور مذہب کی مشترکہ اقدار پر استوار ہیں، پاکستان اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دے کر دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روزپارلیمنٹ ہاو¿س میں سپیکر سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کا مختلف معاملات اور فورمز پر ایک دوسر ے کی حمایت کرنا، دونوں ممالک کے مابین مستحکم تعلقات کا اظہا رہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں موقف کے حامل ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پرآذربائیجان کی طرف سے پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کو سر اہا۔ انہو ں نے سفیر کو آذربائیجان کی تاجر برادری کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے کہا۔ سپیکر نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے قانون ساز اداروں کے مابین قریبی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوستی اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سفیر کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاکستان۔آذربائیجان فرینڈزشپ گروپ کی تشکیل نو سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے سپیکر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ دوستی کو بڑی قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کی طر ف سے نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی عوام اور حکومت کی مشکور ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کشمیر سمیت اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور عالمی او رعلاقائی فورمز پر ایک دوسر ے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے سپیکر کی دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں اور اقتصادی تعلقات کو فرو غ دینے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی سیاسی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔