سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی افغانستان کے قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرہ سے ملاقات میںگفتگو

106

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے، پاکستان ایک پرامن ،مستحکم اورخوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، پاکستان، افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ا ن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیااور دونوں رہنماو¿ں نے پارلیمان کی قائمہ کمیٹیوں کے مابین روابط قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ سرحد کی دونوں جانب کی عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ،مستحکم اورخوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے۔ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن کے قیام سمیت خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ افغان امن معاہدہ افغانستان اور خطے میں امن کے قیام اور ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملاقات میں افغان سفیر رحیم اللہ قطرہ نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے۔ افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ افغانی عوام پاکستانی عوام کے ساتھ محبت اور خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت کے بہترین مواقع میسر ہیں جن سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ رحیم اللہ قطرہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں پارلیمان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ قائم مقام افغان سفیر رحیم اللہ قطرہ نے افغان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کی تعریف کی۔