اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ انسانیت اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، اس حوالے سے خدمات سر انجام دینے والے افراد کا کردار قابل تحسین ہے، چاروں صوبوں میں یتیم، بے سہارا اور سٹریٹ چلڈرن کے لئے ماڈل ویلیجز قائم کئے جا رہے ہیں جن میں رہائش، تعلیم، علاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بدھ کو سپیکرقومی اسمبلی کی زیرِ صدارت مختلف فلاحی اداروں کے سربراہوں اور مخیر حضرات پرمشتمل افراد کا اجلاس ہوا جس میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس کو یتیم، بے سہارا اور سٹریٹ چلڈرن کے لیے ماڈل ولیجز کے قیام کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنی گفتگو کے دوران کہاکہ انسانیت اور محروم طبقوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حا صل ہوتی ہے۔ انسانیت اور محروم طبقوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر نے والے افراد اور اداروں کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں میں یتیم، بے سہارا اور سٹریٹ چلڈرن کے لیے ماڈل ولیجزقائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماڈل ولیجز میں یتیم، بے سہارا اور سٹریٹ چلڈرن کو رہائش، تعلیم، علاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ماڈل و لیجزکا ملک کے مختلف فلاحی اداروں کے تعاون سے قائم کیے جا رہے ہیں۔ سپیکرقومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں برادر اسلامی ممالک کے عوام مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور فراخدلانہ مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان میں فلاحی کاموں کے سلسلے،میں تعاون قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر فخر ہے اور موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ پیکر قومی اسمبلی کامحروم طبقوں کے لیے کام کرنے کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ماڈل ولہجز کے قیام کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ متحدہ عرب امارات کی فرمز پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ شرکاءنے ماڈل ولہجز کے قیام کے سلسلے اماراتی سفیر کی گہری دلچسپی کو سراہتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی طرف سے اس سلسلے میں تعاون کا خیر مقدم کیا۔