سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی سے گفتگو

103

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کو درپیش مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشرکا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (این این جی پی ایل) کے اعلیٰ حکام کو اس مسئلہ کے فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی، سوئی گیس کے کم پریشر کی وجہ سے پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں کے عوام کو سر دیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عوامی مشکلات کے پیش نظر اس مسئلہ کا فوری حل ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی علی محمد خان، مجاہد خان، نور عالم خان، ارباب شیر علی، ارباب عامر ایوب، ملک انور تاج، عثمان خان ترکئی، ایم ڈی سوئی ناردرن گیس امجد لطیف جنرل مینجر، ایس این جی پی ایل پشاور ثاقب ارباب اور ایس این جی پی ایل کے دیگر اعلیٰ حکام سے ہونے والی اپنی ملاقات میں کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاو¿س میں ان سے ملا قات کی۔