اسلام آباد ۔10 نومبر(اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہیں اور دہشتگردی کی جنگ سمیت ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈنٹ پاکستان نیول وار کالج ایڈمرل نوید احمد رضوی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پاک بحریہ سمیت ملکی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مسلح افواج پر فخرہے، ہماری بحری فوج دشمن کے ہر حربے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔