سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا خیبر پختونخوا میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ٹانک اور لکی مروت کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے کامیاب آپریشنز میں 9 خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے پر پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کو سراہا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت …

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ٹانک اور لکی مروت کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے کامیاب آپریشنز میں 9 خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے پر پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کو سراہا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن "عزمِ استحکام” پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی تربیت یافتہ دہشتگرد پاکستان کے امن و استحکام کے کھلے دشمن ہیں اور ان کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مربوط کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی ثابت قدمی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ دفاعِ وطن کے لیے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اجتماعی قومی عزم کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔