وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کا دورہ سعودی عرب مکمل،لیپ 2026 میں شرکت سمیت اہم ملاقاتیں

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے 31 اگست سے 3 ستمبر 2026 تک ریاض میں منعقد ہونے والی عالمی ٹیکنالوجی نمائش "لیپ 2026” کا کامیاب دورہ مکمل کر لیا ہے۔ اس نمائش میں پاکستان نے "ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان” کے برانڈ تلے ملک کی سب سے بڑی قومی نمائندگی کی جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں، جدت اور ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) …

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے 31 اگست سے 3 ستمبر 2026 تک ریاض میں منعقد ہونے والی عالمی ٹیکنالوجی نمائش "لیپ 2026” کا کامیاب دورہ مکمل کر لیا ہے۔ اس نمائش میں پاکستان نے "ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان” کے برانڈ تلے ملک کی سب سے بڑی قومی نمائندگی کی جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں، جدت اور ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) کو پیش کیا گیا اور اہم سرمایہ کاری، شراکت داری اور بین الاقوامی توجہ حاصل کی گئی۔

​دورے کے دوران وفاقی وزیر نے "ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان پویلین” کا افتتاح کیا، "ہم نے ایک ڈیجیٹل قوم کیسے بنائی” کے عنوان سے کلیدی خطاب کیا اور کانفرنس کے موقع پر اہم دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ وزیرِ آئی ٹی نے الجزائر، بارباڈوس، ایسواتینی اور سیریا کے وزراء کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیمہ الیحیٰ کے ہمراہ "ترقی کا نظم و ضبط: اےآئی کے دور میں انسان دوست ڈیجیٹل معیشتوں کی تعمیر” کے عنوان سے پینل مباحثے میں بھی شرکت کی۔​اپنے کلیدی خطاب میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت کے تحت پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر کو اجاگر کیا۔

انہوں نے "ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ”، کنکٹیویٹی میں کی جانے والی بڑی سرمایہ کاری بشمول خطے کی سب سے بڑی فائیو جی سپیکٹرم نیلامی اور ٹیکنالوجی کی شعبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے کی جانے والی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔​کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے متعدد اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتیں کیں جن میں سعودی عرب کے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عبداللہ السواحہ، الجزائر کے وزیر برائے نالج اکانومی، اسٹارٹ اپس و مائیکرو انٹرپرائز ڈاکٹر نورالدین واداح، جنوبی کوریا کے وزیر برائے سائنس و آئی سی ٹی بائے کیونگ ہون، ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیمہ الیحیٰ، نیشنل ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ پروگرام کے سی ای او ابراہیم نیاز، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی کے صدر عبداللہ بن شرف الغامدی، نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے گورنر انجینئر ماجد بن محمد المزیاد، گو ٹیلی کام کے سی ای او یحییٰ صالح المنصور، موزن کے سی ای او ڈاکٹر محمد الحسین اور منشآت (Monsha’at) کے ڈپٹی گورنر سعود خالد الصبحان شامل ہیں۔​

اس دورے کے دوران پاکستان کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور سعودی عرب کی نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لئے مہارت اور بہترین حکمتِ عملیوں کے تبادلے کے ذریعے دوطرفہ سائبر سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔​وفاقی وزیر نے "ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان پاویلین” کا باضابطہ افتتاح بھی کیا جس میں 25 اسٹارٹ اپس اور 50 سے زائد معروف پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، آٹومیشن اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنے تیار کردہ حل پیش کئے۔

لیپ 2026 میں پاکستان کی شرکت کا مقصد بی ٹو بی شراکت داریوں کو فروغ دینا، بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور ملکی ٹیکنالوجی کے شعبے کے لئے عالمی مارکیٹ تک رسائی کو وسعت دینا تھا۔​اس کانفرنس سے پاکستانی سٹارٹ اپس کو ٹھوس اور مثبت نتائج حاصل ہوئے۔ "آفس فلو اے آئی” (OfficeFlow AI) نے خطے بھر میں اپنے AI سے لیس بزنس آٹومیشن پلیٹ فارم کو وسعت دینے کے لئے سعودی عرب کے معروف ٹیکنالوجی ایکو سسٹم "ظران ٹیکنو ویلی” کے ساتھ انکیوبیشن پارٹنرشپ کا معاہدہ کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ آرامکو اور سابک جیسی کمپنیوں کو خدمات فراہم کرنے والی سعودی ٹیکنالوجی کمپنی "ایم آئی ایس عربیہ” (MIS Arabia) کے ساتھ بھی ایک معاہدہ طے پایا۔​وزارتِ آئی ٹی کے ادارے ‘اگنائیٹ’ کے تعاون سے چلنے والے سٹارٹ اپ "ایڈورسٹی” نے اپنی بین الاقوامی توسیع اور اپنے AI تعلیم کے پلیٹ فارم کو وسعت دینے کے لئے لیپ 2026 میں "ریپیڈیو گروپ”سے 400,000 امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی۔ اس کے علاوہ برج سٹارٹ پاکستان، اگنائیٹ اور ایسٹرو لیبس کے ذریعے وزارتِ آئی ٹی کی سرپرستی میں منعقدہ 12 ہفتوں کے ایکسلریٹر پروگرام "ایسٹرو لیبس لیپ” (AstroLabs LEAP) کے پہلے بیچ (Cohort 01) سے آٹھ پاکستانی اسٹارٹ اپس کامیابی سے فارغ التحصیل ہوئے۔

 

مزید خبریں