چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد یاسمین فاطمہ نے ریٹیلرز اور چھوٹے دکانداروں پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت کی آسان تاجر سکیم کے تحت رجسٹریشن کرائیں اور 30 ستمبر 2026 تک اپنی ریٹرنز فائل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کا بنیادی مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنا اور زیادہ سے زیادہ کاروباروں کو رسمی معیشت …
آسان تاجر سکیم تاجروں کو رسمی معیشت میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے، آر ٹی او یاسمین فاطمہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد یاسمین فاطمہ نے ریٹیلرز اور چھوٹے دکانداروں پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت کی آسان تاجر سکیم کے تحت رجسٹریشن کرائیں اور 30 ستمبر 2026 تک اپنی ریٹرنز فائل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کا بنیادی مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا، رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنا اور زیادہ سے زیادہ کاروباروں کو رسمی معیشت کا حصہ بنانا ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں پیر کو منعقدہ انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سکیم کو کاروباری برادری کے لیے ایک دوستانہ اور مثبت اقدام سمجھا جائے اور ٹیکس دہندگان اور ٹیکس حکام کے درمیان خوف اور فاصلے کی روایت کو تعاون، سہولت اور باہمی اعتماد میں تبدیل کیا جائے۔سکیم کی وضاحت کرتے ہوئے یاسمین فاطمہ نے کہا کہ سالانہ 20 کروڑ روپے تک ٹرن اوور رکھنے والے تاجر آسان ٹیکس نظام کا انتخاب کر سکتے ہیں جبکہ انہیں معمول کے مطابق ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا اختیار بھی حاصل رہے گا۔ اس آسان نظام کے تحت اہل تاجروں کے لیے کم از کم سالانہ ٹیکس 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے اور مقررہ شرائط پوری کرنے والے تاجروں کو آڈٹ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سکیم چھوٹے کاروباروں کو ان کی ٹیکس ذمہ داریوں کے حوالے سے زیادہ یقین اور سہولت فراہم کرتی ہے اور ایسے تاجروں کے لیے رسمی معیشت میں شامل ہونے کا آسان راستہ کھولتی ہے جو ابھی تک ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل بھی آسان بنایا گیا ہے اور متعلقہ فارم اردو زبان میں بھی دستیاب ہے تاکہ چھوٹے تاجر اسے آسانی سے سمجھ کر مکمل کرسکیں۔ تاجر ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے بھی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں جبکہ رہنمائی کے خواہشمند تاجروں کو ٹیکس حکام براہ راست سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کاروباروں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو دکانوں اور تاجر تنظیموں کے دفاتر میں جا کر رجسٹریشن کے عمل میں معاونت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت آڈٹ سے استثنیٰ اور ایمنسٹی کی سہولت سمیت متعدد فوائد حاصل ہوں گے، اس لیے تاجر برادری کو اس موقع سے مثبت انداز میں فائدہ اٹھانا چاہیے۔چیف کمشنر نے کہا کہ رجسٹرڈ دکانوں کے باہر کیو آر کوڈ کی حامل گرین پلیٹ آویزاں کی جائیں گے جو ٹیکس تعمیل کی واضح علامت ہوں گے اور شفافیت کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام چھوٹے کاروباروں کا اعتماد بحال کرنے کے ساتھ ساتھ تاجروں اور ٹیکس حکام کے درمیان غیر ضروری رابطے کو بھی کم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کی طرف دوستانہ ہاتھ بڑھا رہی ہے اور اس اقدام کا مقصد خوف پیدا کرنا نہیں بلکہ تاجروں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے انہیں ملکی معیشت کے دستاویزی اور رسمی شعبے کا حصہ بنانا ہے۔
قبل ازیں چیف کمشنر آر ٹی او اسلام آباد یاسمین فاطمہ نے آئی سی سی آئی صدر سردار طاہر محمود، آر ٹی او کے سینئر افسران، آئی سی سی آئی عہدیداران اور کاروباری برادری کے نمائندوں کے ہمراہ آئی سی سی آئی میں انکم ٹیکس فسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈیسک چھوٹے تاجروں کے لیے ون ونڈو سہولت کے طور پر کام کرے گا جہاں انہیں رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس سے متعلق دیگر امور میں براہ راست رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ آئی سی سی آئی صدر سردار طاہر محمود نے آر ٹی او اسلام آباد کی جانب سے چیمبر میں فسیلیٹیشن ڈیسک کے قیام کو سراہتے ہوئے اسے چھوٹے تاجروں کے مسائل کے حل اور ٹیکس رجسٹریشن و ریٹرن فائلنگ کو آسان بنانے کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری قومی اقتصادی ترقی میں ایک ذمہ دار شراکت دار اور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جو روزگار، سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فسیلیٹیشن ڈیسک ٹیکس حکام اور چھوٹے کاروباروں کے درمیان رابطے کے خلا کو کم کرنے، بروقت رہنمائی فراہم کرنے اور تاجروں کو غیر ضروری رکاوٹوں کے بغیر اپنی ٹیکس ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد دے گا۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ آئی سی سی آئی حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا اور آسان تاجر سکیم کے بارے میں کاروباری برادری میں آگاہی پیدا کرنے اور تاجروں کو ٹیکس تقاضے پورے کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چودھری نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے سکیم کے بارے میں آگاہی عام کرنے اور تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے میں چیمبر کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس کی نظامت چیئرمین آئی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایف بی آر میاں محمد رمضان نے کی۔ اس موقع پر چیف کمشنر کے ہمراہ کمشنر ان لینڈ ریونیو ماریہ شریف، کمشنر ان لینڈ ریونیو رابعہ درانی، ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو محمد شکیل انور، سیکریٹری ایف بی آر احمد شکیل بابر اور اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو فاطمہ طارق بھی موجود تھیں۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران عبدالرحمن صدیقی، عمران منہاس، ذوالقرنین عباسی اور راجہ نوید ستی، سابق سینئر نائب صدر خالد چودھری اور مختلف مارکیٹوں و تاجر تنظیموں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔







