سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، پارلیمنٹ کے کردار اور قومی یکجہتی پر تبادلہ خیال

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، پارلیمنٹ کے کردار اور قومی یکجہتی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے منگل کو(جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور پارلیمنٹ کے موثر کردار کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان قومی یکجہتی، جمہوری استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ سپیکر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشاورت اور باہمی تعاون ناگزیر ہے،

سیاسی قیادت کے درمیان روابط کو مزید موثر بنانے اور قومی مفاد میں مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔سپیکر نےقومی یکجہتی کو قائم کرنے کیلئے پارلیمان میں موجود جماعتوں کو اپنا فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران-امریکہ جنگ سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے سپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی کردار کو سراہا اور کہا کہ موجودہ صورتحال میں پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل-ایران جنگ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں فیصلوں کیلئے پارلیمان کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔