"سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ داتا دربار کے تمام ترقیاتی، تزئین و توسیعی کام آئندہ سال عرس سے قبل ہر صورت مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ لاکھوں زائرین کو جدید، باوقار، محفوظ اور ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔”
چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کا داتا دربار اور ملحقہ علاقوں کا دورہ، جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

مزید خبریں
لاہور۔16اگست (اے پی پی):سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ داتا دربار کے تمام تر ترقیاتی، تزئین و توسیعی کام آئندہ سال عرس سے قبل ہر صورت مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ اندرون بیرونِ ممالک سے آنے والے لاکھوں زائرین کو مزاراقدس پر حاضری کے دوران جدید، باوقار، محفوظ اور تمام ضروری سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار حضرت داتا گنج بخش کے مزاراور ملحقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور پیش رفت کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ حکومت پنجاب عقیدت مندوں اور زائرین کی سہولت کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے جہاں آنے والے زائرین کو روحانی سکون کے ساتھ بہتر سفری، رہائشی، صفائی، سکیورٹی، آمدورفت اور دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں رفتار کے ساتھ معیار کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے اور زائرین کی سہولت میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر چیف انجینئر نیسپاک محمد ندیم، سینیئر آرکیٹیکٹ نیسپاک علی جان، پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹیپا محمد اسد، ایکسیئن سی اینڈ ڈبلیو فہد نوید، ڈائریکٹر پروجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ایڈمنسٹریٹر محمد علی خان، مینیجر گوہر مصطفی، ایس ڈی او الیکٹریکل رانا زوہیب اور دیگر موجود تھے۔ وفد نے مزارِ پر حاضری دی، چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی، سلامتی، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ بعد ازاں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے شرقپور شریف کا دورہ کیا، جہاں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے سلسلے میں مزارِ شریف پر حاضری دی، عقیدت و احترام کے ساتھ چادر چڑھائی اور خصوصی دعائیں کیں۔اس موقع پر سجادہ نشین شرقپور شریف، ڈائریکٹر پروجیکٹس رفیق نور وٹو، ایڈمنسٹریٹر رانا احسان، منیجر اوقاف اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔ دورے کے اختتام پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے شرقپوری خاندان کے شاندار تعاون سے جدید انداز میں بحال کی گئی شہر کی قدیم تاریخی مسجد کا بھی معائنہ کیا، جہاں انتظامیہ نے سیکرٹری اوقاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسجد کی تاریخی اہمیت اور بحالی کے مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر پروجیکٹس رفیق نور وٹو نے جاری کاموں کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ مسجد کے باقی ماندہ تمام کام آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کر لیے جائیں گے۔








