راولپنڈی پولیس کے سی پی او کی ہدایات پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کے مؤثر و جامع انتظامات

"راولپنڈی پولیس کے سی پی او کی ہدایات پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے مؤثر اور جامع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عبادت گاہوں اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔”

راولپنڈی۔16اگست (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے سی پی او کی ہدایات پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے مؤثر اور جامع انتظامات کیے ہیں جبکہ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق گرجا گھروں میں داخل ہونے والے افراد کی مکمل تلاشی کے بعد داخلے کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ گرجا گھروں کے اطراف بھی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پولیس افسران اور اہلکار عبادت کے لیے آنے والے شہریوں کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک اور دیگر انتظامی امور پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ عبادت کے لیے آنے والے افراد کی سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ راولپنڈی پولیس کی ذمہ داری ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گرجا گھروں اور ان کے اطراف سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور ڈیوٹی پر مامور اہلکار الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔