سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پرسپیکر نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں اور اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ ضروری ہے۔ پاک ۔آسٹریلیا پارلیمانی دوستی گروپ پارلیمانی سفارت کاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط اور اقتصادی تعاون کو بڑھانا دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہو گا۔دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔پاکستانی قوم موجودہ چیلنجز سے نکلنے کے لیے پر عزم ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مدد اور بحالی کے لیے آسٹریلوی حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت بڑھتی ہوئی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ پاکستانی قوم موجودہ اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو گی۔پاکستان حالیہ سیلاب کے شدید اثرات سے نکلنے کے لیے نبرد آزما ہے۔

آسٹریلیا پاکستان کو اپنا بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلوی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے حکومت اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دہشتگردی کے خاتمے اور غذائی تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آسٹریلوی حکومت کی جانب سے پاکستانی حکومت کے ساتھ عزم کا اعادہ کیا ۔