اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے منگل کو فرانس کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر عاصم افتخار احمد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔
سپیکر نے عاصم افتخار کو فرانس میں بطور سفیر تعیناتی کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بیرونی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فرانس کے لیے ان کی بطور سفیر نامزدگی سے پاکستان اور فرانس کے مابین تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عاصم افتخار احمد ایک تجربہ کار اور باصلاحیت سفارتکار ہیں جو پاکستان کے بہترین مفاد میں خدمات سر انجام دیں گے۔ فرانس کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر عاصم افتخار احمد نے اعتماد کا اظہار کرنے پر سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہرممکن کوشش کریں گے۔