سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے چیئرمین نادرا طارق ملک کی ملاقات

161

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے چیئرمین نادرا طارق ملک نے جمعرات کوملاقات کی۔ ملاقات میں نادرا کی کارکردگی، عوام کو شناختی کارڈز کے اجراء اور رجسٹریشن کے سلسلے میں درپیش مسائل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے گوجر خان کا شمار صوبہ پنجاب کی بڑی تحصیلوں میں ہوتا ہے۔

گوجر خان کی عوام کو شناختی کارڈز کے اجراء اور رجسٹریشن کے حوالے سے درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوجر خان میں موجودہ نادرہ سینٹرز کی تعداد عوام کے مسائل کے حل لیے ناکافی ہیں۔انہوں نے عوام کی سہولت کے لیے نادرا آفس گوجر خان کو 24/7 میگا سینٹر میں اپگریڈ کرنے اور گوجر خان تحصیل میں نئے نادرا سینٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی۔

سپیکر نے مزید کہا کہ گوجر خان اور دولتالہ درخواست دہندگان کو نادرا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے زونل آفس راوت جانا پڑتا ہے جو عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کے مترادف ہے۔ سپیکر نے نادرا آفس گوجر خان کو زونل آفس کا درجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔ چیئر مین نادرا طارق ملک نے گوجر خان میں عوام کو شناختی کارڈز کے حصول اور رجسٹریشن میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔