سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے غزہ میں اسرائیل فورسز کی جانب سے معصوم اور نہتے فلسطینیوں پر فضائی حملوں اور بمباری کی مذمت

150
Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے غزہ میں اسرائیل فورسز کی جانب سے معصوم اور نہتے فلسطینیوں پر فضائی حملوں اور بمباری کی مذمت،فلسطینی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔یہاں جاری بیان میں سپیکرراجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اسرائیل طاقت کے نشے میں انسانیت سوز مظالم اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے

،اسرائیل غزہ پر ظلم اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے،نہتے فلسطینیوں پر بمباری فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے،معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں پر اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر اقوام عالم کی خاموشی ناقابل فہم ہے،فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بمباری سے ہزاروں نہتے شہری نشانہ بن چکے،اقوام متحدہ کی عالمی تنظیموں اور او آئی سی کو فلسطین میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے،فلسطین میں نہتے شہریوں پر بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے

،اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں، فلسطین میں جاری مظالم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی حیران کن ہے،اقوام متحدہ کو فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری مظالم اور بمباری کو رکوانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے،مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جائے والے مظالم انسانیت کے منافی ہیں، اسپیکرنے کہا کہ فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم پر ترقی یافتہ ممالک کی خاموشی انتہائی قابل تشویش ہے۔ سپیکر نے کہا کہ فلسطین کے ہسپتالوں میں بے یار و مددگار زخمی مدد کے لیے پکار رہے ہیں،فلسطین کے ہسپتالوں میں ادویات، خوراک، طبی سہولیات اور پانی کی شدید قلت ہے

۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پانی، بجلی، ادویات سمیت بنیادی سہولیات کی بندش غیر انسانی طرز عمل ہے،فلسطینی ہسپتالوں میں طبی امداد کی فراہمی نا ہونا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تنازعات کو بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے،جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔سپیکر نے شہید فلسطینیوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔اسپیکر نے اسرائیل کی بمباری سے شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی عوام فلسطین کی آزادی کے لیے دعا گو ہیں۔