اسلام آباد/گوجر خان۔2ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ڈگری کالج منگھوٹ کی طالبات کے لئے پک اینڈ ڈراپ کی بسیں اور ہائی ایس وین فراہم کر دی گئی ہیں، بسوں کی فراہمی سے جڑواں قصبوں سے آنے والی طالبات کی سفری مشکلات حل ہوں گی،
اسی سال یہاں یونیورسٹی کی کلاسز شروع ہوں گی اور طالبات پہلے سے زیادہ دل لگا کر تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گی۔ڈگری کالج منگھوٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ گوجر خان اور خطہ پوٹھوار میں تعلیم کے شعبے میں درپیش مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے، جدید تعلیم سے آراستہ خطہ پوٹھوار کئی دہائیوں سے میرا خواب تھا، ہم اپنے نوجوان بچوں اور بچیوں کو بڑے شہروں میں بھیجنے کی بجائے گوجر خان میں ہی تعلیم دیں گے۔
انہوں نے گوجر خان میں ترقی کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں گوجر خان کی عوام کے لئے تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہوں، گوجر خان میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر و دیگر شعبوں کی ترقی و عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خاطر خواہ کام کیا ہے، سوئی گیس کی فراہمی اور مشکلات سے بچنے کیلئے سوئی گیس آفس گوجر خان میں لے آئے ہیں، صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے دو سو بستروں کا ہسپتال بنانے جارہے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مندرہ چکوال روڑ کی تعمیر اہل علاقہ کیلئے اہم پیش رفت ہے،گوجر خان راولپنڈی ڈویژن کا اہم حصہ ہے اور محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سب سے بڑی قوت عوام کی خدمت ہے جس کے ذریعے ہمیں آگے بڑھنا ہے اور خلوص کے ساتھ اپنی مٹی کی خدمت کرنی ہے۔ پرنسپل ڈگری کالج برائے طالبات منگھوٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے منگھوٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں بسوں کی فراہمی کے اقدام کو بھرپور انداز میں خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے انتہائی قلیل وقت میں منگھوٹ کالج میں بسوں کی فراہمی کو یقینی بنایا اس پر کالج کا تمام سٹاف اور طالبات ان کے بے حد مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کے عوام دوست اور تعلیم کے فروغ کے لیے کئے گئے اقدامات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ طالبہ کالج کی فیس کی مد میں ماہانہ 5 ہزار جبکہ ٹرانسپورٹ کے کرایے کی مد میں 12 ہزار روپے ادا کرتی تھیں،راجہ پرویز اشرف کی خصوصی کاوشوں کی بدولت طالبات کو اس مہنگائی کے دور میں منگھوٹ کالج کے لیے بسوں کی فراہمی سے فی طالبہ کو12 ہزار روپے کا فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے اس اہم اقدام کومنگھوٹ اور گردونوح کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اس اہم اقدام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے ڈگری کالج منگھوٹ گوجر خان میں بس سروس کا افتتاح اور بسوں کی چابیاں کالج کی پرنسپل کے حوالے کیں۔