سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا رانی پور میں معصوم بچی کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس

126
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے رانی پور میں معصوم بچی کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہےکہ ہمارے معاشرے میں بچوں پر تشدد کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے، بچوں کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

جمعرات کو یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے رانی پور میں معصوم بچی کی ہلاکت کے واقعہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ بچی کی ہلاکت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی نے پچھلے 16 ماہ میں بچوں کے حقوق و تحفظ کےلئے بیشتر اہم اقدامات کئے ہیں کیونکہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اوربچو ں کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہاکہ بچوں سے مشقت لینے کے رجحان کی ہر سطح پر بھرپور حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ اس طرز عمل کو سنجیدگی سے لیں اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کےلئے بروقت اور مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔