سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا سید علی شاہ گیلانی مرحوم کو ان کی قربانیوں اور خدمات پر خراج عقیدت

78
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کشمیری حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی مرحوم کی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلوانے کے لئے قربانیوں اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کے لئے بے مثال جدو جہد کی جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کی خاطر قید و بند کی طویل صوبتعیں برداشت کیں اور 7 لاکھ بھارتی فوج کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ سید علی شاہ گیلانی کی کشمیر کی آزادی کے لئے غیر متزلزل لگن اور جدو جہد کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت میں بے خوفی اور غیر متزلزل عزم کا ایک ایسا نمونہ تھے جن کو رہتی دنیا تک ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک ولولہ انگیز حریت پسند سیاسی رہنما تھے، جن کی آواز کو پوری دنیا میں سنا جاتا تھا اور انہوں نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جس جرات اور بہادری کے ساتھ بھارت کی راستی دہشت گردی اور مظالم کا مقابلہ کیا اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حریت قیادت کو سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے لیے جدو جہد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق یعنی حق خودارادیت سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا دیرینہ مسئلے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سید علی گیلانی کی طرف سے کشمیری عوام کی آزادی کے لیے شروع کی گئی غیر متزلزل جدو جہد مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک جاری رہے گی

۔سپیکر قومی اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل میں پابند سلاسل ہیں جو دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے۔انہوں نے مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیر عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے رکھے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق یعنی حق آزادی کو سلب نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق آزادی دلوانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور مقبوضہ کشمیر کے باسی آزادی کی عظیم نعمت کبریٰ کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے اور آزاد فضا میں اپنے مذہبی رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کریں گے۔