اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے ۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداران ناز آفرین سہگل لاکھانی کو صدر، سرمد علی کو سیکرٹری جنرل، امتنان شاہد کو سینئر نائب صدر، محمد اسلم قاضی کو نائب صدر، ایس ایم منیر جیلانی کو جوائنٹ سیکرٹری اور شہاب زبیری کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے اس امید کا اظہار کیا کہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب عہدیداران ملک میں ذرائع ابلاغ کی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ ملک میں امن، برداشت، اخلاقی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔سپیکر قومی اسمبلی نے ذرائع ابلاغ کو ملک میں جعلی خبروں کے تدارک کیلئے اخبارات کی جانب سے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشی اور سماجی مسائل کے حل کے لیے مثبت تجاویز سے آگاہ کرے۔ا ن کا کہنا تھا کہ معاشرے میں اخلاقی اقدار کی بڑھتی ہوئی گراوٹ، عدم برداشت کے خاتمے اور ملکی مسائل کے بارے میں قائم کی گئی غیر یقینی کی کیفیت کے خاتمے کے لیے ذرائع ابلاغ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔