36.6 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی تحریک انصاف پاکستان کے سربراہ...

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی تحریک انصاف پاکستان کے سربراہ عمران خان کے حالیہ بیانات کی شدید مذمت

- Advertisement -

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف پاکستان کے سربراہ عمران خان کے ان حالیہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے جن میں سابق وزیر اعظم نے ریاستی اداروں کو سیاسی مفاد کی خاطر متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے ۔

منگل کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ ستمبر میں جب قوم اپنے ان غیور بیٹوں کو نذرانہ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے جانیں ہتھیلی پر رکھ کر مادرِ وطن کا دفاع کیا اور مسکراتے ہوئے اپنی جانیں دھرتی پر قربان کر دیں اور دوسری طرف جہاں پاک فوج کے جوان سیلاب میں گھرے پاکستانیوں کی مدد میں مصروفِ عمل ہیں، ایسے موقعہ پر اپنے ہی ملک کی فوج پر بے سروپا الزامات لگانے اور انگلیاں اٹھانے کا کیا مقصد ہے۔

- Advertisement -

سپیکر قومی اسمبلی نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی ہر اہم حساس قومی مواقع پر تحریک انصاف کے راہنما نے ایسی ہی بچگانہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تھا جن سے ملک دشمنی کی بو آتی ہے۔ اس ضمن میں چینی صدر کے دورہ پاکستان کو سبوتاژ کرنے کے لئے دیا جانے والا دھرنا اور حال ہی میں آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازش قابل ذکر ہیں۔ ہوس اقتدار سابق وزیر اعظم کو اِس حد تک لے گئی ہے کہ وہ حواس باختہ ہو کر ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دے رہے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پانچ فوجی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا کہ جس وقت ملک کے سپوت مملکت کی جغرافیائی اور نظریاتی جنگ میں برسرپیکار ہیں اور شہادتوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں تو بجائے ان کی پشت مضبوط کرنے کے ،عمران خان ان کے حوصلے پشت کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔

سپیکر نے اِس خدشے کا اظہار کیا کہ کہیں یہ پاکستان دشمن قوتوں کی سوچی سمجھی سازش تو نہیں کہ مملکت کو اندر سے کمزور کیا جائے اور اِن مضموم مقاصد کے لئے عمران خان جیسے آلہءکار استعمال ہو رہے ہوں۔ سپیکر نے ِاس معاملے کی مکمل تحقیق کا مطالبہ کیا اور ملک کی تمام محب وطن قوتوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہوں اور ایسی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=325803

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں