وزیر دفاع خواجہ آصف سےقطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

Public Court
Public Court

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سےقطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے دوران وزیر دفاع نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت کی نظر سے دیکھتا ہے۔ قطر ہمارے لیے ایک اہم ملک ہے اور اس کا خطے میں کلیدی کردار ہے۔ قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی احترام اور تعاون کے ساتھ ہموار ہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ ہمیں اپنے تعاون کو اقتصادی دائرہ کار سے بڑھا کر دفاع، فوجی مشقوں ، افراد کی تربیت اور مشترکہ منصوبوں تک وسعت دے کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے عسکری ادارے قطری مسلح افواج کے لیے زیادہ سے زیادہ تربیتی سہولیات حاصل کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

وزیر دفاع نے پاکستان میں حالیہ سیلاب میں قطرکی طرف سے بروقت امدادی کھیپ پہنچانے کوبھی سراہا ۔قطری سفیر نے نئی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں پورا اعتماد ہے کہ نئی حکومت اپنا مضبوط کردار ادا کرے گی اور ہم اس کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔

معزز مہمان نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے موجودہ دائرہ کار اور پیمانے کو تسلیم کیا اور متعلقہ شعبے میں مشترکہ منصوبوں کو شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔