میزبان امریکہ کے ساتھ کشیدگی کے باعث فیفاورلڈ کپ کا مزہ کرکرا ہو گیا ہے، ایرانی کپتان مہدی تاریِمی

ایرانی فٹ بال ٹیم کے کپتان مہدی تاریِمی نے انکشاف کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے شریک میزبان ملک امریکہ کے ساتھ کشیدگی اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی متعدد رکاوٹوں کے باعث ان کی ٹیم کے لئے فیفا ورلڈ کپ کا تجربہ انتہائی مشکل اور چیلنجنگ رہا ہے۔

کیلیفورنیا۔15جون (اے پی پی):ایرانی فٹ بال ٹیم کے کپتان مہدی تاریِمی نے انکشاف کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے شریک میزبان ملک امریکہ کے ساتھ کشیدگی اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی متعدد رکاوٹوں کے باعث ان کی ٹیم کے لئے فیفا ورلڈ کپ کا تجربہ انتہائی مشکل اور چیلنجنگ رہا ہے۔کیوڈو کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے افتتاحی گروپ میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے 33 سالہ سٹرائیکر مہدی تاریِمی نے کہا کہ میں نے فیفا ورلڈ کپ 2026میں پہنچتے ہی پہلے لمحے سے تناؤ محسوس کیا ہے۔

جب کسی ٹورنامنٹ میں ایسا ماحول ہو تو ہم اس پرامن اور خوبصورت تجربے سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے جس کا تذکرہ ہمیشہ فٹ بال کے ساتھ کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکہ اور ایران کے درمیان شروع ہونے والی کشیدگی کے سبب ایرانی ٹیم کو اپنے تربیتی کیمپ اریزونا سے میکسیکو کے شہر تیہوانا منتقل کرنے پڑے۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا (FIFA) نے ایران کی میچز امریکہ سے باہر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے بعد ایرانی ٹیم کو ہر میچ کے لئے میکسیکو کے بارڈر سے طویل سفر کر کے آنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم کو ویزوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اتوار کو بھی ایران کے 2 میڈیا آفیشلز کو امریکی ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا۔ایرانی ٹیم کے ہیڈ کوچ امیر قلعہ نوئی نے اس صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ان حالات نے کھیل کے جذبے کو منفی طور پر متاثر کیا ہے۔

فٹ بال کا مقصد قوموں کو قریب لانا ہے، لیکن ان حالات نے ہماری تکنیکی توجہ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ تاہم، ہم مشکلات کو مواقع میں بدلنے کے عادی ہیں اور ہماری تمام تر توجہ اب کھیل اور حکمتِ عملی پر ہے۔عالمی رینکنگ میں 20 ویں نمبر پر موجود ایرانی ٹیم کو سخت سکیورٹی اور سفری پابندیوں کا سامنا ہے اور وہ میچ سے صرف 1 دن پہلے امریکہ پہنچتی ہے اور میچ کے فوراً بعد واپس روانہ ہو جاتی ہے۔ ایران کا اگلا میچ 21 جون کو بیلجیم کے خلاف اسی سٹیڈیم میں ہوگا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 26 جون کو سیئٹل میں مصر کے خلاف کھیلا جائے گا۔