سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سید قائم علی شاہ ، راجہ ظفر الحق و دیگر کو پاکستان سول ایوارڈ ملنے پر مبارکباد

239
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 76 یوم آزادی کے موقع بزرگ سیاسی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، سیاسی رہنما راجہ ظفر الحق، سابق وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور مرحوم ، مفتی منیب الرحمان، سماجی شخصیت ڈاکٹر امجد ثاقب، نامور صحافی سہیل وڑائچ، وقار ستی، ایڈیشنل سیکرٹری برائے قانون سازی قومی اسمبلی محمد مشتاق اور دیگر نامور شخصیات جن کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی اور خدمات سر انجام دینے کے اعتراف میں پاکستان سول ایوارڈ سے نوازنے پر مبارکباد دی ہے۔

منگل کو سپیکر نے اپنے پیغام میں بزرگ سیاسی رہنما سید قائم علی شاہ کی سیاسی، سماجی، آئینی و عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید قائم علی شاہ ایک کہنہ مشق سیاسی و سماجی رہنما ہیں اور اپنی سیاسی فہم و فراست کی بدولت آج بھی ملکی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔سید قائم قائم سیاسی رہنما ہیں جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973ء کی آئین ساز کمیٹی کے واحد حیات رکن ہیں اور انہیں آئین پاکستان پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید قائم علی شاہ کو ان کی سیاسی، سماجی، آئینی و عوامی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان امتیاز سے نوازنا انتہائی قابل ستائش ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور شہید مفتی عبد الشکور کو ان کے سیاسی، سماجی اور دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک جید عالم دین اور بااصول سیاسی رہنما تھے۔

ان کی دینی سیاسی و سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ان کی دینی و سیاسی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز سے نوازنا انتہائی قابل ستائش ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ایڈیشنل سیکرٹری برائے قانون سازی قومی اسمبلی محمد مشتاق کو پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز سے نوازنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی ملک کا سب سے اہم آئینی ادارہ ہے اور اس کے افسران و اہلکار اس ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اس ادارے کے افسران اپنے تجربے اور صلاحیتوں کی بدولت نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد مشتاق جیسے قابل اور فرض شناس افسر دیگر تمام افسران و عملے کے لیے مشعل راہ ہیں، جہنوں نے اپنی صلاحیتوں کی بدولت اپنے ادارے اور معاشرے میں منفرد مقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے قانون سازی کے شعبے میں ادارے کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے محمد مشتاق کی خدمات کی خصوصی تعریف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کو ان کی شاندار کارکردگی اور اس ادارے اور ملک کے لئے ان کی خدمات پر فخر ہے۔سپیکر نے امید کا اظہار کیا کہ محمد مشتاق سمیت اس ادارے کے دیگر افسران ملک اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے بہترین مفاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے نامور سماجی شخصیت امجد ثاقب کی سماجی و فلاحی شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امجد ثاقب معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن ہیں۔انہوں نے کہا کہ امجد ثاقب کی انسان دوستی اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے سرانجام دی جانے والی خدمات قابل تحسین ہیں۔سپیکر نے امجد ثاقب کو نشان امتیاز سے نوازنے پر مبارکباد دی۔ اسپیکر نے صحافت کے شعبے سے وابستہ نامور صحافی اور تجریہ نگار سہیل وڑائچ تجزیہ، وقار ستی کی صحافی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دینے پر انہیں اعلی سول ایوارڈ نشان امتیاز سے نوازنا خوش آئند ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے سماجی، عوامی، تعلیمی، سائنسی، بہادری، فنی، ادبی، ثقافتی، صحافتی اور طبی شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی دیگر شخصیات کو بھی جنہیں پاکستان سول ایوارڈ سے نوازا گیا ہے کوبھی مبارکباد دی۔