سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی گوجر خان میں سوار محمد حسین شہید (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری

99
سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قوم کے جری سپوت سوار محمد حسین شہید نے ملکی دفاع کو محفوظ بناتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا

کیپٹن سرور شہیداور سوار محمد حسین شہید سمیت پورے ملک کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ملک کے دفاع کی خاطر جانوں کی قربانیاں دینے والوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

بدھ کو انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر گوجر خان میں سوار محمد حسین شہید (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی ۔ اس موقع پر انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کے جری سپوت سوار محمد حسین شہید نے ملکی دفاع کو محفوظ بناتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، کیپٹن سرور شہیداور سوار محمد حسین شہید سمیت پورے ملک کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ملک کے دفاع کی خاطر جانوں کی قربانیاں دینے والوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو ملکی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، 9 مئی کے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے ،کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور افواج پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔