اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے نیپال کی سفیر ریٹا ڈھیٹل نے منگل کو ملاقات کی ۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار یار صادق نے نیپال کی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اقتصادی و پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے،تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو مزید فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، علاقائی تعاون بڑھانے کے لئے سارک پلیٹ فارم کو فعال بنانا ضروری ہے، حالیہ سالوں میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ نیپالی سفیر نے اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیپال پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نیپال پاکستان کے ساتھ تجارت و سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان اور نیپال کے مابین قریبی روابط خطے کے مفاد میں ہیں۔