اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے جمعرات کو ملاقات کی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگور ماحول میں ہوئی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، پارلیمانی سطح پر روابط کے استحکام، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں …
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے جمعرات کو ملاقات کی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگور ماحول میں ہوئی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، پارلیمانی سطح پر روابط کے استحکام، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کرغز صدر کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرغز صدر صادر ژپاروف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار اور قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ کرغزستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے پائیدار امن ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، مگر افسوس ہے کہ افغانستان کی سرزمین اب بھی پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ہو رہی ہے جس کے باعث خطے کی تجارتی سرگرمیاں اور آمد و رفت متاثر ہو رہی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
انہوں نے اس موقع پر بھارتی جارحیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری کا بھرپور تحفظ کیا ہے اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے دوران پاکستان نے دشمن کے سات طیارے گرائے۔دونوں رہنمائوں نے پارلیمانی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے عالمی اور علاقائی فورمز پر باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور قیادت نے جس محبت اور اخلاص کا اظہار کیا، وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔کرغز صدر ژپاروف نے کہا کہ کرغزستان پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پارلیمانی سطح پر روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔








