اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےخیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں شہید ہونےوالے سکیورٹی اہلکاروں ،شہریوں کے بلند درجات کے لئے ایوان میں خود دعا کرائی ۔
پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے کے بعد تلاوت کلام پاک ، نعت ، حدیث اور قومی ترانے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایوان میں دعا کرانا چاہتا ہوں جودہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں ،ان میں لکی مروت میں 10 ایف سی اہلکاروں کی شہادت ، مسجد میں ایک کیڈٹ کی شہادت ، وزیرستان میں خودکش حملے 4 پولیس اہلکار اور 2 سکیورٹی اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے، اس کے علاوہ ملک بھر میں ہونے والے چھوٹے بڑے حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ۔ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے سپیکر قومی اسمبلی نے خود دعائے مغفرت کرائی اور کہا کہ اللہ تعالی سب کی مغفرت کرے اور پاکستان کو دہشت گردی سے محفوظ رکھے ۔