اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے صدر دوراتے پچیکو نے منگل کو قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پارلیمانی سفارت کاری کے ساتھ ساتھ بین الپارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور بین الاقوامی جرائم جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الپارلیمانی تعاون انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے ان پیچیدہ اور باہم جڑے ہوئے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے پارلیمینٹیرینز کو سرحدوں اور سیاسی تقسیم سے بالاتر ہوکر مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سپیکر نے آئی پی یو کے صدر کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی اسمبلی اور آئی پی یو کے دیگر ممبر ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں کو یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت، امن، انسانی حقوق اور پائیدار ترقی پر عالمی مذاکرات اور عمل میں پارلیمنٹ کلیدی کردار کی حامل ہے۔
آئی پی یو کے صدر نے سپیکر کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پشاور میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے ، دہشت گردی کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو آئندہ آئی پی یو کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا، اور اس عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے آئی پی یو اپنا کردار ادا کرے گی ۔
سپیکر نے آئی پی یو کے صدرکی یقین دہانی کو سراہا اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مل کر کام کرنے سے ہی ہم اس پیچیدہ اور مستقل مسئلے کا دیرپا حل تلاش کرنے کی امید کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات آئی پی یو اور قومی اسمبلی کے درمیان پہلے سے قریبی تعلقات کو مزید وسعت دینےکی جانب ایک اہم قدم ہے ، دونوں رہنماؤں نے صاف ستھرے ماحول ،امن اور عالمی ترقی کے لیے مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔